اسلام آباد (آن لائن)ریما کیساتھ اچھی دوستی رہی کچھ عرصہ پہلے بھارت میں بھی ہم دونوں ملے،اگر شادی کر لیتا تو نکاح ، طلاق کی خبروں میں زندگی گزر جاتی، لال حویلی کسی کے باپ کی نہیں میری جاگیر ہے ، ’’را‘‘ کا آدمی نہیں ،فوج سے اچھے تعلقات رہے ، شیخ رشید کا انٹرویو میں اظہار خیال۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ فلم سٹار ریماخان سے اچھی دوستی تھی،
کچھ عرصہ قبل بھارت میں بھی ریما سے ملاقات ہوئی تھی لیکن شادی نہ کرنا میری اصل کامیابی کا راز ہے ۔شادی کر لیتا تو میری آدھی زندگی نکاح اور طلاق کی خبروں میں گزر جاتی۔ن لیگ میں واپسی سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ زیر پرسنٹ چانس بھی نہیں کہ مڑ کر پیچھے دیکھوں کیونکہ مجھے وزارت کا لالچ نہیں۔پانامہ کیس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ امید ہے عدالت نواز شریف کو کلین چٹ نہیں دے گی پانامہ کیس کا فیصلہ طے کرے گا کہ انصاف دفن ہو گا یا نواز شریف کی سیاست۔ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ابھی تمام تر توجہ پانامہ کیس پر مرکوز ہے اس کے بعد بھرپور انداز میں آئندہ عام انتخابات کیلئے میدان میں اتریں گے ۔ ملک میں ایسے سیاستدان بھی ہیں جو ’’را‘‘سے پیسے لیتے رہے ہیں میرے پاک فوج سے اچھے تعلقات رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ لال حویلی کسی کے باپ کی نہیں بلکہ میری ذاتی جاگیر ہے ۔ پانچ مرلے کی لال حویلی چوروں اور لٹیروں کے لئے لیلن گراڈ ثابت ہو گی۔