راولپنڈی (این این آئی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ سے علاقائی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میںروسی سفیر الیکسے یوریوچ دیدوف نے منگل کوجی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی
سیکیورٹی سے متعلق امورپر تبادلہخیال کیا گیا ۔ روسی سفیر نے پاکستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ملک کی طرف سے دلی رنج وغم کا اظہار کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ روسی سفیر نے آپریشن ردالفساد کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ آپریشن پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کردار ادا کریگا۔ آرمی چیف نے دہشت گردی کے واقعات پر روس کی تشویش، پاکستانی کوششوں کے اعتراف اور دونوں ممالک اور افواج کے درمیان جاری تعاون پرروسی سفیر سے تشکر کااظہار کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ پاکستان اور روس کی افواج کے درمیان تعاون کے فروغ سے علاقائی سیکیورٹی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔