دبئی /اسلام آباد ( آئی این پی ) متحدہ عرب امارات نے پاکستان سے پولٹری مصنوعات پر عائد 8 سالہ پابندی ختم کر دی ،پاکستان نے یو اے ای کے اقدام کا خیر مقدم کیا ہے ۔ منگل کو وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ یو اے ای نے پاکستان سے پولٹری مصنوعات پر عائد 8 سالہ پابندی ختم کردی ۔ یو اے ای کی طرف سے پابندی ختم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہیں ۔
یو اے ای سالانہ 70 کروڑ ڈالر کی پولٹری مصنوعات درآمد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری مصنوعات پر عائد پابندی کے خاتمے سے پاکستانی برآمدات بڑھیں گی ۔ مشیر خارجہ سرتاج عزیز ، وفاقی وزیر سکندر حیات بوسن اور پاکستانی سفیر معظم احمد خان کی پابندی ختم کرانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کا طویل المدتی تجارتی شراکت دار ہے ۔