سکھر(آئی این پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے ، بدقسمتی سے پی ایس ایل آغاز میں ہی تنازع کا شکار ہو گئی ،یہ صرف کھلاڑیوں کا ہی قصور نہیں بلکہ انتظامی کوتاہی بھی ہے ۔ہفتہ کو دو قومی کھلاڑیوں پر میچ فکسنگ الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بکیز سے ملاقات کا خدشہ تھا تو منیجمنٹ نے پہلے ہی انتظامات
کیوں نہ کئے ، بچوں کو غلطی کا چانس دے کر پکڑنا کوئی کمال نہیں ہے بلکہ کمال یہ تھا کہ اس برائی کو کھلاڑیوں تک پہنچنے سے پہلے روکا جاتا ۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ذریعے دنیا کو مثبت پیغام جانا چاہیے مگر بدقسمتی سے پی ایس ایل آغاز میں ہی تنازعات کا شکار ہو گئی اس میں صرف کھلاڑیوں کا قصور نہیں ہے بلکہ انتظامیہ کی کوتاہی بھی شامل ہے ۔