(آئی این پی)وزیراعظم محمد نوازشریف نے صوبہ سندھ کے پہلے موٹروے کا افتتاح کردیا،وزیراعظم،گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ نے مل کر تختی کی نقاب کشائی کی،وزیراعظم محمد نوازشریف نے موٹروے کے تکمیل شدہ حصے پر سفر بھی کیا۔جمعہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف نے صوبہ سندھ میں کراچی تا حیدرآباد ایم نائن موٹروے کے 75 کلومیٹرٹریک کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم محمد نوازشریف،گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مل کر تختی کی نقاب کشائی کی جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف نے موٹروے کے تکمیل شدہ حصے پر سفر بھی کیا،کراچی حیدرآباد موٹروے کا75کلومیٹر سکیشن مکمل ہوگیا ہے،کراچی حیدرآباد موٹروے کے اس سیکشن پر چار انٹرچینج تعمیر کیے گئے ہیں،انٹرچینج کیرتھر،نیشنل پارک،جھمپیر،کین جھرجھیل،تھانواحمد خان کو منسلک کریں گے،انٹرچینج سے متصل علاقے بھی مستفید ہوں گے جبکہ پانچ پل اور دو ٹراما سنٹر بھی قائم کیے گئے ہیں،ٹراما سنٹر نوری آباد اور دمبہ گوٹھ کے علاقوں میں تعمیر کیے گئے ہیں،136کلومیٹر طویل کراچی حیدرآباد موٹروے پر 17ستمبر2015کو کام شروع ہوا جبکہ مارچ2018تک مکمل ہونے کی توقع ہے،موٹروے کی تعمیر پر 36ارب روپے کی لاگت آئے گی۔