اسلام آباد(این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی درخواست مسترد کرکے سندھ ہائی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اور سپر ماڈل ایان علی کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔یاد رہے کہ 19 جنوری کو سندھ ہائیکورٹ نے ماڈل ایان علی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا فیصلہ سنایا تھا، تاہم چند ہی گھنٹوں بعد وفاق کی درخواست سامنے آنے کے بعد اسفیصلے کو 10 دن کے لیے مؤخر کردیا گیا تھا۔بعدازاں 28 جنوری کو وفاقی وزرات داخلہ نے ماڈل ایان علی کا نام
ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا ایان کا نام وزارت داخلہ پنجاب کی درخواست پر ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا، لہٰذا سندھ ہائی کورٹ کو اس معاملے پر سماعت کا اختیار نہیں۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کا معاملہ نظرانداز کرتے ہوئے ماڈل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ سنایا جبکہ ریفری جج نعمت اللہ پھلپھوٹو نے ایان علی کے حق میں فیصلہ دینے کی وجوہات بھی بیان نہیں کیں۔