کراچی (این این آئی)پاک سرزمین پارٹی کے جلسے کا دن قریب آتے ہی ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے شہر بھر میں وال چاکنگ کا سلسلہ پھر شروع کر دیا۔ پی ایس پی کے کارکنوں نے بھی ایم کیو ایم پاکستان کے بند دفاتر پر پوسٹرز چپکانا شروع کر دیے ہیں
۔ذرائع نے بتایا کہ شہر بھر میں اپنی موجودگی اور کنٹرول ثابت کرنے کے لیے ایم کیو ایم لندن متحرک ہو گئی ہے اور اس کے کارکنوں نے لندن گروپ کی حمایت میں مختلف علاقوں میں نعرے لکھے۔ بانی متحدہ کی حمایت میں بھی نعرے لکھے جا رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ وال چاکنگ میں متحدہ پاکستان اور پی ایس پی کے خلاف لکھے گئے نعروں میں سخت زبان استعمال کی گئی ہے اور متعدد رہنماؤں کو دھمکیاں بھی دی گئی ہیں۔ پی ایس پی نے جلسے کی تیاری کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں جھنڈے اور پوسٹر لگانا بھی شروع کر دیے ہیں۔ بدھ کی شب سرجانی ٹاؤن میں بند متحدہ کے سیکٹر آفس پر پی ایس پی کے جلسے کے پوسٹر لگا دیئے گئے ہیں۔کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کیلئے اعلی حکام نے حل ڈھونڈ لیاہے۔ سادہ لباس اہلکاروں پر مشتمل فورس بنائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پولیس اور سی پی ایل سی نے ڈی کوائے فورس بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ فورس میں سادہ لباس پولیس اہلکاروں کو ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں تعینات کیا جائے گا۔ فورس کے اہلکاروں کو ضلعی پولیس افسران ذمہ داریاں دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سی پی ایل سی اہلکاروں کو ٹیکنیکل سہولیات بھی فراہم کرے گی۔