اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2018ء کے عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تیاریاں شروع کر دیں۔ اس سلسلے میں ضابطہ کار پر مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ،عام انتخابات کے طریقہ کار کو جدید خطوط پر استوار کیاجائے گا ، اس ضمن میں اہم انتظامی و قانونی اقدامات کئے جائیں گے۔
بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نئے جدید انتخابی طریقہ کار پر عمل
درآمد کیلئے ملک بھر کے ضلعی انتخابی کمشنرز ‘ سٹاف افسرا کو تربیت دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور یہ سلسلہ 8 فروری 2017ء تک جاری رہے گا۔ بیان کے مطابق عام انتخابات 2018ء کے جدید طریقہ کار کے تحت تین اہم پہلوؤں پر تربیت دی جا رہی ہے ۔ ان میں لیگل فریم ورک ‘ حلقہ بندیاں اور ووٹرز کی صنفی حیثیت شامل ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں ضلعی انتخابی کمشنرز کا اہم کردار ہو گا۔ جدید انتخابی عمل کے بارے میں انتخابی بل 2017ء کا مسودہ تیار کیا گیا ہے اس حوالے سے عالمی معیارات کو بھی ملحوظ رکھا گیا ہے۔