لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت پر دبائو بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور لاہور تافیصل آباد احتجاجی ریلی سے تحریک کا باقاعد آغاز کر دیا گیا ہے ۔ بلاول ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو پنجاب کی دھرتی پر نکل رہے ہیں، حکومت کے خلاف احتجاج کا آغاز کر دیا ہے اورلاہور تا فیصل آباد ریلی پہلا مرحلہ ہے جبکہ یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ کاکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے ثابت کر دیا ہے کہ پیپلزپارٹی عوام کی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں سے مل کر حکومت پر دبائو بڑھائیں گے اور حکومت کے خلاف پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔
اس موقع پر سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کیلئے جدوجہد کی، عوام بیدار ہوچکی ہے اور پیپلز پارٹی بھی ایکشن میں آگئی ہے، اب یا تو حکومت اپنے وزن سے گر جائے گی یا ہماری تحریک گرا دے گی۔انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے پاکستانی عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ، حکومت کے سارے دعوے جھوٹے نکلے ہیں، گیس اور بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح نکام ہوچکی ہے، اس حکومت کو جتنی جلدی چلتا کیا جائے اتنا ہی اچھا ہے۔