اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنس میں مسلم لیگ (ن) کی نئی درخواستوں پر عمران خان اور جہانگیر ترین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اوررکن قومی اسمبلی جہانگیرخان ترین کے خلاف نااہلی ریفرنس کے معاملے پر الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ (ن) نے نئی درخواستیں دائر کردیں، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ نئی پٹیشنز آتی رہیں گی تو کیس کا فیصلہ کیسے ہوگا۔
اس موقع پراکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے گوشواروں میں بیرون ملک اپنا فلیٹ بھی ظاہر نہیں کیا، انہیں ان شواہد کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جائے، عمران خان کی 2 ہمشیرہ آف شور کمپنی نیازی سروسز کی ڈائریکٹرز ہیں۔تحریک انصاف کے وکیل نعیم بخاری نے دلائل دیئے کہ الیکشن 2013 سے بنی گالا گھر کی خریداری کا کوئی تعلق نہیں، گھر کی خرید و فروخت کا معاملہ شوہر اور بیوی کے درمیان ہے۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نئی درخواستوں پر عمران خان اور جہانگیر ترین کو نوٹس جاری کردیئے ہیںجبکہ ان کی سماعت یکم فروری کوہوگی۔