اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کی دو بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف وزیراعظم نوازشریف کے خلاف ایوان میں دوبارہ تحریک استحقاق لانے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق بدھ کو تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا،دونوں رہنماؤں نے ایوان میں کی گئی وزیراعظم نوازشریف کی تقریر کو سیاسی قرار دینے کے معاملے پر ایوان میں دوبارہ تحریک استحقاق لانے کافیصلہ کیا۔ٹیلی فونک رابطے میں فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے مشاورت کے ساتھ تحریک استحقاق لائی جائے گی،ٹیلی فونک رابطے میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک استحقاق کے سلسلے میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاؤ اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور سے رابطہ کریں گے جبکہ جماعت اسلامی ،عوامی مسلم لیگ کے ساتھ شاہ محمود قریشی تحریک استحقاق کے حوالے سے رابطہ کرکے مشاورت کریں گے۔