لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کے خلاف نااہلی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی،قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید پارٹی کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس جمعہ کے روز ریفرنس دائر کریں گے۔نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کر تے ہوئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دیدی۔
عمران خان کی زیرصدارت ارکان پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اعلی کے خلاف چارج شیٹ پر غور کیا گیا۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی قیادت کی جانب سے شہباز شریف کے خلاف الزامات کی بریفنگ دی گئی۔ شوگر ملز کی منتقلی کے مقدمات سمیت دیگر معاملات کو ریفرنس میں بنیاد بنایا جائے گا ۔ ریفرنس پارلیمانی پارٹی کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس دائر کیا جائے گا۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید سمیت تمام ارکان اسمبلی اسپیکر کے پاس ریفرنس دائر کریں گے۔ جمعرات کے روز وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف چارج شیٹ عائد کی جائے گی اور اگلے دن جمعہ کے روزاسپیکر آفس میں ریفرنس دائر کیا جائیگا۔ بتایا گیا ہے کہ قانونی ٹیم نے ریفرنس تیار کر لیا ہے اور ارکان پنجاب اسمبلی نے اس ریفرنس پر دستخط بھی کر دئیے ہیں۔