کوئٹہ ،ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان حکومت نے ایک روسی کمپنی سے ہیلی کاپٹرخریدنے کے معاہدے کوحتمی شکل دے دی ہے جبکہ روسی کمپنی فروری میں یہ ہیلی کاپٹرصوبائی حکومت کے حوالے کرے گی ۔روسی نشریاتی ادارے تاس کے مطابق روس کی کمپنی اوربلوچستان کی حکومت کے درمیان پہلے سول معاہدے کے تحت ایک ایم آئی 171ہیلی کاپٹرکی خریدوفروخت کامعاہدہ طے پایاہے اوریہ روسی کمپنی ’’رشین ہیلی کاپٹرز‘‘اس ہیلی کاپٹرکی قیمت ایک کروڑ52لاکھ ڈالروصول کرے گی ۔
ادھربلوچستان حکومت کے ایک عہدیدارنے بتایاکہ اس ہیلی کاپٹر کو سفری سہولیات ، ہنگامی حالات میں سامان کی ترسیل اور طبی امدادی سرگرمیوں سمیت دیگر کاموں کے لیے استعمال کر سکیں گےاوریہ ہیلی کاپٹروی آئی پیزکے استعمال میں بھی لایاجائے گا۔روس کی ہیلی کاپٹربنانے والی کمپنی کے ایک عہدیدارنے کہاہے کہ مستقبل میں بھی پاکستان کے ساتھ اس طرح کے سازوسامان کی فروخت جاری رہے گی ۔