راولپنڈی /مری (آئی این پی) ملکہ کوہسار مری میں (آج) اتوار سے دوبارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی ،سیاحوں کی آمد میں اضافہ ، راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے مری آنے والے سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردیں،سی این جی والی گاڑی کوکسی صورت مری میں نہ لا نے اور گاڑی کے ٹائروں میں ہوا کی مقدار کم سے کم رکھنے کی ہدایت۔تفصیلات کے مطابق ویک اینڈ پر ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کا رش لگا ہوا ہے
جس کو مد نظر رکھتے ہوئے راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے مری آنے والے سیاحوں کیلئے خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔سی ٹی او یوسف علی شاہد کی طرف سے سیاحوں کیلئے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا کہ مری میں سیاحوں کی سہولت کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری تعینا ت کردی گئی ، ٹریفک پو لیس مکمل الرٹ ہے، مری میں سیاحوں کو مکمل ٹریفک سہولیا ت فراہم کی جا رہی ہیں۔سی ٹی او کی طرف سے مزید کہا گیا کہ سیاح صرف پیٹرول پر گاڑی مری لے کر آئیں،سی این جی والی گاڑی کوکسی صورت مری میں نہ لایاجائے، مری آنے والے سیاح گاڑی کے ٹائر میں ہوا کی مقدار کم اور گاڑی کی بیٹری اچھی اور بہتر حالت میں رکھیں۔دوسری طرف محکمہ موسمیات نے مری میں (آج) اتوار سے دوبارہ برف باری کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔