اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آبادمیں حاضرسروس جج کے گھرمیں ان کی اہلیہ کے مبینہ تشد دکی شکارکمسن ملازمہ طیبہ کے سپریم کورٹ میں کیس نے نیارخ اختیارکرلیاہے ۔سپریم کورٹ نے فیصل آباد سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی رائے عثمان کھرل کے خلاف بھی تحقیقات کاحکم دیدیاہے ۔
ایک نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ میں جب طیبہ کے مبینہ والد محمداعظم نے بتایاکہ وہ ایم پی اے رائے عثمان کھرل کی گاڑی میں اسلام آبادآیاہے تومحمداعظم کے اس انکشاف کے بعد رائے عثمان کھرل کا ملوث جج راجہ خرم سے کیا تعلق ہے؟ اس کا پتا لگانے کیلئے عدالت نے فیصل آبادکے حلقہ 56سے ن لیگ کے ایم پی اے رائے کھرل عثمان کیخلاف انکوائری کا حکم دے دیاہے۔ ادھررائے عثمان کھرل کا کہنا تھا کہ میں اعظم کو جانتا تک نہیں ہوں، مجھے طیبہ کیس کا بھی کچھ پتا نہیں ہے۔ان کاکہناتھاکہ جب عدالت مجھے طلب کرے گی تومیں ضرورعدالتی احکامات پرعمل کرتے ہوئے حاضر ہوجائوں گا۔