ملتان(آئی این پی)ملتان میں بوسن روڈ پر چونگی نمبر6کے قریب زیرتعمیرپلازے کی عمارت گرنے سے درجنوں افرادملبے تلے دب گئے جبکہ دو افرادجاں بحق اور5زخمی ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پلازہ کی بالائی منزل پر6دکانیں توڑکرہال بنایاجارہا تھا۔عمارت کا کچھ حصہ پہلے گرایا گیا تھا ۔ عمارت کاکچھ حصہ گرنے سے دراڑیں پڑ گئی تھیں،جس کے باعث عمارت کی پہلی دو منزلیں زمین بوس ہوگئیں ۔ گرنے والی عمارت کے نیچے 50 دکانیں بھی تھیں۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج ، ریسکیو1122،ایدھی ،فلاح انسانیت اور الخدمت کے رضاکار موقع پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
ریسکیو ٹیموں نے ہیوی مشینری کے ذریعے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا۔پاک فوج کے جوانوں نے بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپورحصہ لیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے تلے 15سے بیس افراد کے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں جس کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ملبے تلے سے دوافراد کی میتیں نکال لی گئی ہیں جبکہ دیگرافراد کو ملبے سے نکالا جارہا ہے۔حادثے کے بعد نشترہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ملبے تلے نکالے گئے زخمیوں کو نشترہسپتال منتقل کیا گیا جہاں کچھ کی حالت تویشناک بتائی جارہی ہے۔جائے حادثہ پرڈی سی او ملتان نادرچٹھہ امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرتے رہے جبکہ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی بوسن روڈ ملتا ن میں زیر تعمیر عمارت گرنے کے باعث ملبے تلے دبے مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔ریسکیو 1122 اور انتظامیہ مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔ ضروری مشینری اور آلات کے ساتھ مزدوروں کو ریسکیوکیا جائے۔