اسلام آباد(آئی این پی)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بدھ کوسینیٹ میں سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ممکنہ طور پر39رکنی مسلم عسکری اتحاد کی کمان سنبھالنے کے معاملے پر پالیسی بیان دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بدھ کو ایوا ن بالا میں چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کی جانب سے سابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ممکنہ طور پر39رکنی مسلم عسکری اتحاد کی کمان سنبھالنے کے معاملے پر اٹھائے گئے سوالوں کا جواب دیں گے ۔
واضح رہے کہ پیر کو سینیٹ اجلاس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا تھا کہ سابق چیف آف آرمی سٹاف مسلم عسکری اتحاد کی کمان سنبھالنے کی اطلاعات ہیں اس بارے میں وزیر دفاع کے بیان کی ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے نفی کی ہے اس اہم تقرر ی کے تناظرمیں کسی بھی افسر کی دوبارہ مدت ملازمت حاصل کرنے کے قواعدہ وضوابط سے ایوان کو آگاہ کیا جائے اگر کوئی این او سی حاصل کیا گیا اور کس نے یہ این او سی جاری کیا سینٹ کو اگاہ کیا جائے اس بارے میں بھی آگاہ کیا جائے کہ اس معاملے پر کیا حکومت کو اعتما د میں لیا گیا ہے ۔
چیئرمین سینٹ نے وزیر قانون کو ہدایت کی تھی کہ مشیر خارجہ کو کہا جائے کہ سابق آرمی چیف کی طرف سے مسلم عسکری اتحاد کی کمان سنبھالنے کے خارجہ پالیسی اور اس معاملے پر پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت نے پوزیشن اختیار کی پر کیا اثرات مرتب ہونگے ۔