لاہور( این این آئی)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ نے تحریک انصاف میں شمولیت کی قیاس آرائیوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں بے موسم فیصلے نہیں کئے جاتے ،رابطے سب کے ہیں لیکن حلقے کی عوام اور سیاسی دوستوں کی مشاورت کے بعد وقت پر کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔ گزشتہ روز خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ میرے بڑے بھائی تحریک انصاف میں ہیں اور ان کی دعوت پر عمران خان 15جنوری کو جلسہ کرنے ڈیرہ غازی خان آرہے ہیں اس لئے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ شاید ہم تحریک انصاف میں شامل ہونے جارہے ہیں،ایسا تاثر اور قیاس آرائیاں قطعاًبے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا فی الحال کسی جماعت میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ، کوئی بھی فیصلہ حلقے کی عوام اور سیاسی دوستوں کی مشاورت سے ہوتا ہے ۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کی طرف سے شمولیت کے لئے رابطوں بارے سوال کے جواب میں کہا کہ رابطے سب کے ہیں لیکن فیصلہ مشاورت سے ہوگا اور سیاست میں بے موسم فیصلے نہیں کئے جاتے۔