اسلام آباد ( آئی این پی )حکومت نے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے لئے اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کا فیصلہ کر لیا ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر قیادت حکومتی کمیٹی اپوزیشن جماعتوں سے رابطے کرکے معاملہ پر اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کرے گی اگر فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع پر سیاسی اتفاق رائے ہو سکا تو حکومت پارلیمنٹ سے منظوری لے گی ، حکومتی کمیٹی میں وزیر قانون زاہد حامد ، وزیر ریلوے سعد رفیق اور وزیر مملکت برائے انوشہ رحمان، وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر شامل ہونگے ، کمیٹی تحریک انصاف ، پیپلز پارٹی ، جماعت اسلامی ، ق لیگ ، جے یو آئی ، ایم کیو ایم سمیت دیگر جماعتوں کے پارلیمانی قائدین سے ملاقاتیں کرکے فوجی عدالتوں میں توسیع پر تبادلہ خیال کرے گی اگر سیاسی جماعتوں نے فوجی عدالتوں کی توسیع پر اتفاق کیا تو پھر حکومت اس معاملے پر پارلیمنٹ کی منظوری لے گی ۔ اتفاق رائے کی صورت میں چھ ماہ یا ایک سال کے لئے فوجی عدالتوں میں توسیع کی جا سکتی ہے ۔