اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اوور سیز پاکستانیز اینڈ ہیومن رائٹس ڈویلپمنٹس کے اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ قطر کی حکومت نے ایک لاکھ پاکستانی ہنر مند افراد کو ورکنگ ویزے دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ پیش رفت وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ قطر میں ہوئی۔ وزیر اعظم اور امیر قطر کے درمیان اتفاق ہوا ہے کہ پاکستان سے ایک لاکھ ہنر مندوں کو قطر میں روز گار فراہم کیا جائے گا، اس سلسلے میں جلد باقاعدہ معاہدہ بھی ہو جائے گا۔
وزارت اوور سیز پاکستانیز کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے 7 لاکھ ہنر مند اور غیر ہنر مند پاکستانیوں کا ریکارڈ مرتب کر لیا ہے جن میں سے 1 لاکھ پاکستانیوں کو قطر بھجوایا جائے گا۔ اس ضمن میں پیر صدر الدین کا کہنا ہے کہ صرف پنجاب حکومت پاکستانیوں کو قطر بھجوانے میں دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے۔ ایک لاکھ پاکستانیوں کو قطر بھجوانے سے ملک کو معاشی فائدے حاصل ہوں گے اور بے روزگاری میں کمی واقع ہوگی۔