کراچی(آئی این پی)پیپلزپارٹی ورکرز کے قائدین ڈاکٹر صفدر عباسی اور ناہید خان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ اور نواب شاہ کی قومی اسمبلی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے بارے میں ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا،کیوں کہ دونوں نشستوں پر موجود اراکین قومی اسمبلی ایاز سومرو اور ڈاکٹر عزرا پیچوہو نے تاحال اپنے استعفے اسپیکر کو نہیں روانہ کئے ہیں،پاکستان پیپلزپارٹی سے آصف علی زرداری نے یہ کہتے ہوئے لاتعلقی کا اعلان کردیا تھا کہ یہ جماعت ایک این جی او ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے،وہ جمعرات کو پیپلزپارٹی بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 89 ویں سالگرہ کے موقع پر پریس کلب میں کیک کاٹنے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کررہے تھے،اس موقع پرناہید خان اور صفدر عباسی نے کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارک باد دی اور مٹھائی پیش کی،ناہید خان اور صفدر عباسی کے ہمراہ پیپلزپارٹی ورکرز کے صدر ظفر رضوی ،ناہید ایڈوکیٹ اور درجنوں کارکنان موجود تھے،ایک سوال پر ناہید خان نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹریرین کو اپنی جماعت قرار دیا ہے ،جس کے صدر مرحوم مخدوم امین فہیم تھے،جبکہ اس جماعت کے پیٹرن ان چیف بلاول بھٹو زرداری ہیں ،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو آصف علی زرداری کی جانب سے این جی او قرار دینے کے بعد ہم نے اس جماعت کو سیاسی پارٹی کے طور پر بحال رکھنے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کررکھا ہے ،جس کے بعد ہمیں امید ہے کہ لطیف کھوسہ سمیت ،مسعود کوثر اور امجد نامی شخص کا پیپلزپارٹی سے تعلق ختم ہوجائے گا،ایک سوال پر صفدر عباسی نے کہا کہ لاڑکانہ کی نشست این اے204 پر جب ضمنی انتخاباکا شیڈول آئے گا تو پھر وہاں انتخاب میں حصہ لینے یا نہ لینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔