کراچی(این این آئی)’’پاکستانی چور بھی ماڈرن ہو گئے ‘‘چوری کا نیا انداز آپ بھی ملاحظہ کیجیے .شہر قائدمیں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ چوری کر کے شہریوں کو بلیک میل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان ضلع ایسٹ کے مختلف علاقوں سے کھڑی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ اتار کر ساتھ لے جاتے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان گاڑی پر ایک پرچی رکھ جاتے ہیں جس میں نمبر پلیٹ کے عوض رقم کا تقاضہ کیا جاتا ہے۔ پرچی پر لکھا ہوتا ہے کہ اگر کسی سے شکایت کی تو نمبر پلیٹ نہیں ملے گی۔ پرچی پر رابطہ نمبر بھی لکھا ہوتا ہے جبکہ رابطہ کرنے پر ملزمان 20 سے پچاس ہزار رقم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ رقم کی ادائیگی نہ کرنے یا پولیس کو اطلاع دینے پر نمبر پلیٹ کاٹ کر پھینک دی جاتی ہے۔ پولیس نے واقعات میں اضافے کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔