ملتان(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ نام نہاد محافظ جمہوریت جاوید ہاشمی نے ارباب اختیار کی خوشنودی اور میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لئے سفاک جھوٹ بولا۔ جاوید ہاشمی ذہنی و جسمانی توازن بگڑ جانے کی بدولت لغو بازی کررہے ہیں جبکہ عوامی عدالت انہیں یکسر مسترد کر چکی ہے اور اب کوئی بھی سیاسی قوت انہیں اپنی صفوں میں شامل کرنے کو تیار نہیں۔
تحریک انصاف ضلع ملتان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی سینئر نائب صدر ملتان جواد امین قریشی نے کہا ہے کہ وقت ثابت کرچکا ہے کہ تحریک انصاف کی پشت پر کسی اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ہے نہ کسی اور اقتدار ساز ادارہ کی حمایت عمران خان کو میسر ہے ۔ 2014ء کا تاریخ ساز دھرنا کسی سازش کے بغیر اختتام پذیر ہوا اور اب پانامہ لیکس کے حوالے سے بھی تحریک انصاف کی جدوجہد خالصتاً عوامی جدوجہد ثابت ہوئی ۔اب جب کہ عدالت عظمیٰ پانامہ لیکس کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت کا آغاز کرنے والی ہے تو نام نہاد محافظ جمہوریت جاوید ہاشمی نے ارباب اختیار کی خوشنودی اور ذرائع ابلاغ کی توجہ حاصل کرنے کے لئے سفاک جھوٹ بولا ۔
جاوید ہاشمی نے عمران خان سمیت جن معزز اداروں پر سفاکانہ حملہ کیا اسکی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ جاوید ہاشمی پی ٹی آئی میں شامل ہوکر پارٹی پالیسی سے ن لیگ کو آگاہ کرتے تھے جس کے ثبوت و شواہد پارٹی قیادت کے پاس ہیں ۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارٹی کے ایک ہنگامی و خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر موجود دیگر پارٹی عہدیداران ڈاکٹر فاروق لنگاہ ، یوسف ڈمرا، ذہین کنول ، سعدیہ بھٹہ ، بابر کھوکھر ، نادر نواز خان اور عمران سیال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جتنی عزت جاوید ہاشمی کو دی اسکی مثال نہیں ملتی لیکن جاوید ہاشمی نے پارٹی کی پیٹھ میں اس وقت خنجر گھونپا جب قوم کو بدبو دار و متعفن نظام سے نجات دلانے کے لئے متحد کیا جا چکا تھا ۔ماضی میں خود جاوید ہاشمی ایسی نام نہاد تحریکوں میں شریک رہے جو منتخب حکومتوں کے خلاف چلائی جاتی رہیں اور اب ثابت ہورہا ہے کہ اسوقت ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی محض نورا کشتی کے سوا کچھ نہ تھی ۔ اجلاس میںیاسر بلوچ، ڈاکٹر جام ذوالفقار ، شاہ نواز ، مظہر نیازی بھی شریک ہوئے ۔