اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف نے آمروں سے زیادہ اداروں کو نقصان پہنچایا ، پانامہ پر تمام ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئے ہیں ، بلاول بھٹو نے اچھی اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی،پیپلزپارٹی کے فیصلے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کروں گا، دیکھیں گے پی پی والے پانامہ پر کس طرح وزیراعظم کو جواب دہ بناتے ہیں ، آئندہ انتخابات میں(ن) لیگ کو دھاندلی کا ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ بدھ کو عمران خان نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ دیکھتے ہیں پیپلزپارٹی کونسی پالیسی اختیار کر کے پانامہ پر وزیراعظم کو جوابدہ بناتی ہے ، بلاول نے اچھی اپوزیشن کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے پورا کیس سن لیا تھا پھر کمیشن بنانے کی کیا ضرورت تھی ، پانامہ پر تمام ثبوت سپریم کورٹ میں جمع کرادیے ، نوازشریف نے اداروں کو آمروں سے زیادہ نقصان پہنچایا ہے ، وزیراعظم چاہتے تھے پانامہ ایشو قوم کی آنکھوں سے اوجھل رہے ، پانامہ کیس کا فیصلہ چند دن کی سماعت کا محتاج ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پانامہ پر قوم کے جائز سوالات پر وزیراعظم مسلسل جھوٹ بولتے رہے۔ تحریک انصاف نہ ہوتی تو آئندہ نسلیں بھی ان کے بچوں کی غلامی کرتیں ، عام آدمی کو درپیش ہر مسئلے کے پیچھے کرپشن جیسی لعنت کا رفرما ہے۔ عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نظام کی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے ، آئندہ انتخابات میں(ن) لیگ کو دھاندلی کا ہتھیار استعمال نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے فیصلے پر فی الحال کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔