لاہور(آئی این پی) چیئرمین اورنج لائن میٹرو ٹرین سٹیئرنگ کمیٹی خواجہ احمد حسان کی زیر صدارت اجلاس میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کے متاثرین کو پراپرٹی اور پروفیشنل ٹیکس میں چھوٹ دینے کا فیصلہ۔نوے شاہراہ قائد اعظم ایوان وزیر اعلی میں ہونے والے اجلاس میں لارڈ میئر لاہور کرنل(ر)مبشر جاوید، وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد، چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، چیف انجینئر ٹیپا سیف الرحمان، ایڈیشنل کمشنر عامر شفیق، اے سی سٹی ارشد بھٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر مظہر خان، جی ایم میٹرو عزیر شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اسد، ذیشان عثمانی، مقصود خان، نیسپاک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، لیسکو، ایل ڈبلیو ایم سی و دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی اس موقع پر پروجیکٹ کے پورے روٹ پر یوٹیلٹی سہولیات کی فراہمی سمیت پیکج ون، ٹو، تھری اورفور پرکام کی رفتار کاجائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیاکہ اورنج ٹرین منصوبے کا 55 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ منصوبے کے 20 ہزار 682 متاثرین کو پراپرٹی اور پروفیشنل ٹیکس کی مد میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا خواجہ احمد حسان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پرمتاثرین کو 115 ملین روپے کی چھوٹ دی جائے گی جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے واضح طور پر احکامات جا ری کیے ہیں کہ متاثرین کو ٹیکس کی چھوٹ میں زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔ لارڈ میئر لاہور کرنل(ر)مبشرجاوید نے کہاکہ سروے مکمل کرنے کے بعد ٹیکس چھوٹ کی سمری وزیر اعلی کو بھیجی جائیگی جبکہ چوبرجی سے سکیم موڑ تک سڑکوں کی بحالی کو دو سے تین ہفتوں میں مکمل کرایا جائیگا تاہم پہلی ترجیح پیکج ٹوکی سڑکوں کی بحالی ہے۔