لاہور (این این آئی)صوبائی دارالحکومت کے علاقہ وحدت روڈ پر ملٹی نیشنل فوڈ چین کے کچن میں سلنڈر دھماکے سے لگنے والی آگ نے قریب واقع چائنہ سیل پوائنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیاجس کے نتیجے میں 26افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے ، آتشزدگی کے نتیجے میں لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا ، اطلاع ملتے ہی فائربریگیڈ ،ریسکیو 1122اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر احمد رضا نے جائے حادثہ کا دورہ کیا ۔ بتایا گیا ہے کہ مسلم ٹاؤن کے علاقہ وحدت روڈ پر واقع ملٹی نیشنل فوڈ چین کے ریسٹورنٹ کے کچن میں پڑے ایک سلنڈر میں گیس لیکج سے دھماکہ ہو گیا جس نے باہر پڑے سلنڈروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔
دھماکے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی جس نے کچن سے ملحقہ چائنہ سیل پوائنٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ سلنڈر دھماکے اور آگ لگنے سے افرا تفری مچ گئی اوروہاں آئے ہوئے افراد نے اپنی جانیں بچانے کے لئے دوڑیں لگا دیں ۔ چائنہ سیل پوائنٹ میں پلاسٹک کی اشیاء ہونے کے باعث آگ نے شدت پکڑ لی ۔ واقعے میں 26افراد جھلس گئے ۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ ، ریسکیو 1122اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمیوں کو ہسپتال پہنچانے کے ساتھ ساتھ آگ پر قابو پانے کے لئے کاوشیں شروع کردیں۔جائے حادثہ کے دورہ کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف نے بتایا کہ دھماکہ ملٹی نیشنل فوڈ چین کے کچن کے اندر ہوا جس کے باعث باہر موجود سلنڈر بھی پھٹ گئے ، پو لیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر احمد رضا نے کہا کہ آگ سے جھلسنے والے 26زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جن میں سے 4کی حالت تشویشناک ہے ۔ڈی سی او کیپٹن (ر) محمد عثمان نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور آگ لگنے سے زخمی ہونیوالوں کی عیادت کی ۔