پشاور(این این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن صوبائی اسمبلی ضیا اللہ آفریدی نے احتجاج کا انوکھا طریقہ ایجاد کر لیا، حکومت سے ترقیاتی فنڈز نہ ملنے پر شہر میں چندہ مانگنا شروع کر دیا ۔ضیا اللہ آفریدی کا کہنا ہے کہ خیبر پختوانخواہ حکومت نے ترقیاتی فنڈز بند کر رکھے ہیں اسی لئے چندہ مہم شروع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی حکومت پشاور کو قائم ہوئے دو سال ہو گئے لیکن اب تک کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا۔
ضیا اللہ آفریدی نے استفسار کیا کہ وزیر اعلی خیبر پختوانخواہ نے فنڈز کیوں بند کر رکھے ہیں؟ ۔انہوں نے یہ گلہ بھی کیا کہ وزیر اعلی کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کی بندش کے باوجود کوئی ان سے سوال نہیں کرتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عوام سے چندہ اکھٹا کرکے ترقیاتی کام کروں گا۔سابق وزیر معدنیات نے چندہ مہم بشیر آباد اور ملحقہ علاقوں میں شروع کی۔ مہم کے دوران شہریوں نے سڑکوں کی تعمیر کیلئے ہزاروں روپے کا چندہ دیا۔ گلے میں کشکول پہنے ایم پی اے ضیا اللہ آفریدی نے دکانداروں اور چلتی گاڑیوں کو روک کر شہر کی خوبصورتی کے لئے چندہ اکھٹا کیا۔