کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)بلوچستان ہائی کورٹ نے نواب اکبر خان بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کو دو ماہ تک پیش ہونے کی مہلت دیتے ہوئے. ان کے وکیل کا وکالت نامہ واپس کردیا اور پرویز مشرف کو 20 مارچ تک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں جسٹس جمال احمد مندوخیل اور جسٹس ظہیر الدین کاکڑ پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف سمیت دیگر ملزمان کی بریت کے خلاف آئینی درخواست کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو میڈیکل چیک اپ اور سیکورٹی کی ضمانت دی جائے تو وہ عدالت میں پیش ہونے کے لئے تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق صدر 23مارچ کو واپس آنے کو کہا ہے۔ جس کے بعد وہ عدالت میں پیش ہونگے، اس لئے ہمیں مہلت دی جائے۔
عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل کو مشروط مہلت دیتے ہوئے ان کا وکالت نامہ واپس کر کے بطور سابق صدر کے نمائندہ ان کی یقین دہانی پر دو ماہ تک کی مہلت دیتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو 20مارچ کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔جس کے بعد سماعت آئندہ سال 20مارچ تک کے لئے ملتوی کردیا گی۔