لاہور(آئی این پی )تھائی لینڈ حکومت نے پاکستان کی طرف سے سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظرہنگامی بنیادوں پرسیاحتی ویزہ فیس’’ختم‘‘ کر دی ہے۔ منسٹری آف فارن آفیئر تھائی لینڈ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق تھائی لینڈ نے پاکستانی سیاحوں کیلئے ویزہ فیس’’ختم‘‘ کر دی جو فوری نافذ العمل ہے۔
اپنی ٹریول ایجنسی کے سی ای اومعروف ٹورسٹ ویزہ کنسلٹنٹ احمد اشفاق نے خبر رساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان سے متعدد ممالک میں عام شہری ،کاروباری شخصیات ،سٹوڈنٹ گروپس ،سیاست و شوبز سے وابستہ افرادسیر و تفریح کیلئے جاتے ہیں جن میں تھائی لینڈ،ملائیشا،سنگاپور،سری لنکا، تاجکستان، ازبکستان، ازربائیجان، دبئی، ترکی، یوکے، چین، کوریا، امریکہ اورکینیڈاسر فہرست ہیں تاہم گزشتہ تین سالوں سے تھائی لینڈ کیلئے پاکستانی سیاحوں کی تعداد کئی گنا بڑھی ہے۔
چائنہ پہلے سے فیس ختم کر چکا ہے جبکہ بھارت سرکار نے پاکستان کیلئے ویزہ فیس ’’ایک سو روپے‘‘مقرر کر رکھی ہے۔یاد رہے کہ پاکستانی شہری پچاس سے زائد ممالک کیلئے آن لائن ویزہ با آسانی حاصل کرسکتے ہیں۔