پنجگور (آئی این پی ) پنجگور میں تلور کا شکار کرنے والے متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا ۔ ایف سی کے ترجمان خان واسع نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی شب پنجگور کے علاقے کچک میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے شہزادے آئے ہوئے ہیں۔
ایف سی کے ترجمان نے بتایا کہ کچک میں 30 سے 35 گاڑیوں کا قافلہ گزر رہا تھا جب ان پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا۔ قافلے کو سکیورٹی دینے والے ایف سی اور لیویز کے اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔
یادرہے کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندے تلور کی شکار کے لیے عرب شاہی خاندان کو مختلف علاقے الاٹ کرنے کے خلاف تحریک انصاف نے کچھی اورکوئٹہ میں احتجاجی مظاہرے کیے۔یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں تلور کے شکار پر پابندی کے بعد صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت کی درخواست کے باوجود قطری شہزادوں کو اس نایاب پرندے کے شکار کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔