اسلام آباد(آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فاٹا کو قومی دھارے میں لانے کیلئے اس کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی‘ فاٹا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے جائیں ‘ مردم شماری کا عمل 15 مارچ سے شروع ہو کر مئی میں ختم ہو جائیں گے جس کیلئے افواج پاکستان کے 42 ہزار اہلکار معاونت کریں گے۔ وہ پیر کو این ایف سی ایوارڈ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ فاٹاکو قومی دھارے میں لانے کے لئے اس کی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ہو گی۔
فاٹا گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر فنڈز مختص کئے جائیں گے۔ نیشنل فنانس کمیشن کا آئندہ اجلاس جنوری میں ہو گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کیلئے مزید فنڈز مختص کرنے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت ضرب عضب کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے اور اس کیلئے مطلوبہ فنڈز مہیا کئے گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہاکہ این ایف سی کے آئندہ اجلاس میں صوبے مشاورت کے بعد اپنی تجاویز پیش کریں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مردم شماری کا عمل 15 مارچ سے شروع ہو گا ۔ افواج پاکستان کے 42 ہزار اہلکار مردم شماری میں معاونت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری کا عمل آئندہ برس مئی میں مکمل ہو جائے گا۔ چاروں صوبوں میں ایک ساتھ مردم شماری کروائی جائے گی۔ ۔۔۔(رانا)