لاہور(آئی این پی)سب سے زیادہ غربت بلوچستان،سب سے کم پنجاب میں ہونے کا انکشاف ہوا ہے غیر سرکاری تنظیم سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ کی تحقیقی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کی ایک تہائی آبادی انتہائی غربت اور مفلسی کا شکار ہے۔ جبکہ پاکستان میں غربت کی شرح میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آربا ہے۔
رپورٹ کے مطابق غربت کی شرح کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ساڑھے 18 کروڑ آبادی والے ملک کی 33 فیصد آبادی ایسی ہے ،جس کے5 کروڑ 87 لاکھ افراد خط غربت سے بھی نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔غیر سرکاری تنظیم کے مطابق صوبائی لحاظ سے غربت کی یہ شرح صوبہ بلوچستان میں سب سے زیادہ 52 فیصد ہے پنجاب میں سب سے کم ، یعنی صرف 19 فیصد ہے۔ علاوہ ازیں ، صوبہ سندھ میں 33 فیصد، صوبہ خیبرپختونخواہ میں32 ہے۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ غربت ہے جس کی وجہ مہنگائی میں روز بروز اضافہ، دولت کی غیر مساویانہ تقسیم، وسائل میں کمی، بیروزگاری اور بڑھتی ہوئی آبادی ہے۔دیہی علاقوں کے ساتھ ساتھ شہری آبادی میں بھی غربت میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔