اسلام آباد(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف نے کہاہے کہ اخلاقی اور جمہوری تقاضوں کے تحت تو چوہدری نثار ر کو فورا استعفیٰ دینا چاہئیے،چوری کے بعد سینہ زوری ن لیگ کا شیوہ ہے،چوہدری نثار کے خلاف چارج شیٹ در اصل ن لیگی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے رد عمل دیتے ہوئے کہاکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ کے بعد چوہدری نثار کوئی معقول راستہ اختیار کریں گے۔اخلاقی اور جمہوری تقاضوں کے تحت تو چوہدری نثار ر کو فورا استعفیٰ دینا چاہئیے۔سپریم کورٹ کے جج واضح طور پر اپنی تحقیقات میں انہیں سنگین غفلت اور نااہلی کا مرتکب قرار دے چکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ چوری کے بعد سینہ زوری ن لیگ کا شیوہ ہے۔نہ وزیر اعظم جھوٹ بولنے کے بعد استعفیٰ دیتا ہے نہ وزیر داخلہ ناکامی کے بعد اپنے منصب سے الگ ہوتا ہے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ چوہدری نثار کے خلاف چارج شیٹ در اصل ن لیگی حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ کے بعدبھی اگر چوہدری نثار اپنے منصب سے چمٹے رہنا جمہوری روایت کے خلاف ہے ۔انہوں نے کہاکہ اگر چوہدری نثار اپنے منصب سے مستعفی نہیں ہوتے تو سپریم کورٹ 184۔3 کے تحت اس کا نوٹس لے۔چوہدری نثار کو معصوم شہریوں اور وکلا کی شہادتوں کا ذمہ دار قرار دے کر وزارت سے الگ کیا جائے۔