پشاور(این این آئی)وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے2018 کے انتخابات کے لیے حکمت عملی وضع کرلی۔ تحریک انصاف کودوبارہ برسراقتدار لانے کے لیے ہم خیال سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کاسلسلہ شروع کردیا۔ پرویز خٹک کی عوامی نیشنل پارٹی ولی گروپ کے مرکزی رہنما اور بزرگ سیاست دان حاجی دلارام خان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات ہوئی جو دو گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر ایکسائز میاں جمشید الدین کاکاخیل بھی موجو دتھے پرویز خٹک نے حاجی دلارام خان کوتحریک انصاف کی حمایت اور ایک ساتھ کام کرنے پر راضی کردیا۔ حاجی دلارام خان نے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں کے ہمراہ پی ٹی آئی اور پرویز خٹک کی بھر پور حمایت کااعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشیدالدین کاکاخیل کے ہمراہ نوشہرہ کلاں میں حاجی دلارام خان کی رہائش گاہ پرپہنچے جہاں پرپرویز خٹک نے حاجی دلارام کے ساتھ بند کمرے میں مذکرات کئے۔ پرویز خٹک کی خواہش تھی کہ حاجی دلارام خان جو بے داغ سیاسی اور سماجی شخصیت ہیں۔ ایسے لوگوں کی تحریک انصا ف کواشد ضرور ت ہے۔ اس سے قبل انہوں نے حاجی دلارام خان سے دو ملاقاتیں کی۔ آج کاجرگہ حاجی دالارام خان نے اپنے خاندان کے نوجوانوں کے پرزور اصرار پر تسلیم کرلیا اور اعلان کیا کہ وہ اپنی پارٹی میں آخر دم تک رہیں گے تاہم پرویز خٹک اور میاں جمشید الدین کاکاخیل دونوں کے والد ان کے قریبی دوست رہے ہیں ان کو معلوم ہے کہ پرویز خٹک اس علاقے کی خدمت کرنا چاہتے ہیں اس لیے حاجی دلارام خان نے پرویز خٹک اور تحریک انصاف کی بھر پور حمایت کایقین دلایااور کہا کہ وہ ہر موڑ پر اپنی بساط اورحیثیت کے مطابق ان کاساتھ دیں گے۔تاہم انہوں نے یہ ضرور کہا کہ وہ اپنی پارٹی نہیں چھوڑیں گے۔ ان کاایجنڈا ایک ہے بیگم نسیم ولی خان بھی کرپشن کے خلاف جہاد کررہی اور پرویز خٹک اور عمران خان بھی کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ حاجی دلارام خان نہ صرف ضلع نوشہرہ بلکہ گردونواح میں کافی اثر ورسوخ رکھتے ہیں اوران کی حمایت سے تحریک انصاف کو بہت تقویت ملے گی بعدازاں حاجی دلارام خان نے کہا کہ پرویز خٹک کے ساتھ ان کی ملاقات خوشگوار رہی اور دونوں ملکر کرپٹ سیاست دانوں اور کرپشن کے خلاف جہاد کریں گے۔