کراچی (این این آئی)بلدیہ فیکٹری میں آتشزدگی کا مرکزی کرداربھولاکی گرفتاری پر یہ سوال کھڑا ہوگیا ہے کہ بھولا کس کا ہے؟ ایک طرف پی ایس پی نے بھولا کو کارکن ماننے سے انکار کردیا ہے تو دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے بھی اس سے اظہار لاتعلقی کردیا ہے ۔تفصیلات کیمطابق تھائی لینڈ سے گرفتار سانحہ بلدیہ فیکٹری کے ملزم رحمان بھولا کو کوئی پارٹی کارکن ماننے کو تیار نہیں ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان اور پاک سرزمین پارٹی نے بھی لاتعلقی ظاہر کردی ،
انسداددہشت گردی عدالت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عبدالروف صدیقی نے کہا کہ رحمن بھولا کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے یا نہیں مجھے اس بات کا علم نہیں۔ایم کیوایم پاکستان کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی سلمان مجاہد کے ساتھ رحمان بھولا کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی ہے ۔ تصویرمیں عبدالرحمان عرف بھولا جناح گراونڈ یادگار شہدا پر سلمان مجاہد کے برابر کھڑے ہیں ، ذرائع کے مطابق عبدالرحمان عرف بھولا ایم کیوایم بلدیہ سیکٹر کیلئے کام کرتا رہا ہے۔ دوسری جانب پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ عبدالرحمان بھولا پی ایس پی کا کارکن نہیں ہے ۔آن لائن ممبر شپ فارم بھر کر کوئی بھی پی ایس پی کا کارکن بن سکتا ہے کوئی فارم بھرنے کے بعد چوری یا ڈکیتی کرے اس کی ذمہ دار پاک سر زمین پارٹی نہیں ہے۔