اسلا م آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ہم نے پانامہ کیس سے متعلق زبردست ثبوت دئیے ہیں ‘ اگلے ہفتے شہباز شریف کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کریں گے ‘ الیکشن کا دارو مدار سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہے ‘ بہت مشکل ہے کہ وزیر اعظم کو کلین چٹ مل جائے۔ وہ ہفتہ کو اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے کاغذات دے کر ثابت کر دیا ہے کہ وزیر اعظم کے بچوں نے 2001ء میں کاروبار شروع کیا۔
انہوں نے عدالت میں کوئی دستاویز جمع نہیں کروائی جو جمع کرائی اس میں پکڑے جاتے ہیں۔ دوبئی فیکٹری خسارے میں تھی نواز شریف کے بچوں کا کاروبار 2001ء سے شروع ہوا۔ 2002 تا 2005ء حسن نواز شریف نے 2 کروڑ پاؤنڈ کاروبار میں لگائے۔ پیپلز پارٹی کا پنجاب میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ‘ 3 دن کی یوم تاسیس منانے سے پیپلز پارٹی واپس نہیں آ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں مقابلہ (ن) لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہو گا۔