لاہور( مانیٹرنگ ڈیسک)ارکان اسمبلی کی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کیلئے انوکھا اقدام،نئی مثال قائم ہوگئی ۔حکمران جماعت نے پنجاب اسمبلی میں چار روز سے درپیش کورم کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے ’’قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید کی تجویز پرعمل کر لیا؟‘‘،وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کی طرف سے حکومتی اراکین کے اعزاز میں اسمبلی کیفے ٹیریا میں پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق 24نومبر سے شروع ہونے والے اجلاس کی چار روز کی کارروائی میں اپوزیشن کی طرف سے ہر روز کورم کی نشاندہی کی گئی اور اجلاس ملتوی ہوتا ۔ منگل کے روز قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے ایوان میں حکومت کو کورم و حاضری ممبران کی وزارت قائم کرنے اور اراکین کیلئے ناشتے کے اہتمام کی تجاویز دی تھی اور اس کے اگلے ہی روز صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان کی طرف سے اسمبلی کیفے ٹیریا میں تمام حکومتی اراکین جس میں صوبائی وزراء بھی شامل تھے کے اعزاز میں پرتکلف ناشتے کا اہتمام کیا گیا ۔ اراکین کی حلوہ پوری، چھوٹے سر ی پائے اور نان چنے سے تواضع کی گئی ۔