اسلام آباد (آئی این پی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر آئے روز بھارتی دہشت گردی بند کرنے کے لئے حکومت بھی اپنا کردارادا کرے ،حکومتی خاموشی کی وجہ سے آج بھارت نے ہمارے عوام پر گولے برسانا شروع کر دئیے ،
صرف مزمتی بیانات سے کام نہیں چلے گا،بھارت کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کہنے کا وقت آ گیا ہے کہ اب بس کرو ورنہ منہ توڑ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی سنگین خلاف ورزی کے واقعہ پر جاری کئے گئے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پہلے لائن آف کنٹرول پر ہمارے فوجیوں کو نشانہ بناتا رہا۔پاکستانی حکومت کی بے حسی پر اس کا حوصلہ بڑھا اور اب انہوں نے
ہماری مسافر بس اور ایمبولینس کو نشانہ بنا ڈالا۔حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ کس بات کی وجہ سے خاموش ہیں۔مودی سرکار کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کیوں نہیں کہا جاتا کہ بہت ہوگیااب بس کروورنہ منہ توڑ دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے۔ جب تک بھارت سے اس کی زبان میں بات نہیں کی جائے گی،وہ بات نہیں سمجھے گا۔انہوں نے حکومتی خاموشی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کے انداز سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ انہیں ملکی سلامتی کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔وہ صرف مال بنانے اور اس کے تحفظ میں مصروف ہیں۔