لندن (آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیر اعظم نواز شریف کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ فوری طور پر وطن واپس نہیں آ سکتے ‘ جونہی ان کی صحت بہتر ہو گی اور ڈاکٹرز انہیں سفر کی اجازت دینگے تو وہ وطن واپسی کا شیڈول طے کریں گے۔ وزیر داخلہ کے قریبی ذرائع نے آئی این پی کو بتایا کہ وزیر داخلہ کے ہرنیا کے آپریشن کے بعد ان کی طبعیت دوبارہ خراب ہوئی تھی جس کے بعد گزشتہ روز انہیں ہسپتال
داخل کیا گیا تھا اور ڈاکٹرز جلد اس بات کا فیصلہ کرینگے کہ ان کا دوسرا آپریشن کرنا ضرور ی ہے یا آپریشن کے نتیجے میں پیدا ہو نے والی خرابی کو ادویات کے ذریعے دور کیا جا سکے گا۔ ذرائع کے مطابق پہلے سے طے شدہ شیڈول کے تحت وزیر داخلہ نے وطن واپسی کا جو شیڈول بنا رکھا تھا اس میں اب تبدیلی کر دی گئی ہے اور وہ مزید ایک ہفتے تک سفر نہیں کر سکتے۔ وزیر داخلہ نے اس ضمن میں و زیر اعظم نواز شریف کو
بھی اطلاع دیدی ہے اور کہاہے کہ وہ وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹرز کی ہدایات کی روشنی میں ہی کریں گے اور جب یہ بہتر سمجھا جائگا کہ ان کی صحت بہتر ہو چکی ہے اور وہ سفر کے قابل ہیں تو وطن واپسی کا پروگرام بنایا جائے گا۔ دریں اثناء و زیرا اعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ وزیر
داخلہ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ ڈاکٹرز ایک دو روز میں اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ ان کے ایک اور آپریشن کی ضرورت ہے یانہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ان کی دعا ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہو کر وطن واپس آئیں اور ملک و قوم کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی وزیر داخلہ سے ٹیلیفون پر بات چیت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔