کراچی(این این آئی)اکتوبر میں مہنگائی کے لحاظ سے پاکستان کا دارالخلافہ اسلام آبادسرفہرست رہا،اسلام آباد میں مہنگائی کی شرح 4.4فیصد رہی ۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر اسلام آباد میں رہنے والوں کے لئے سب سے زیادہ بھاری رہا کیونکہ مہنگائی کی دوڑ میں شہر اقتدار سب پر بازی لے گیا جہاں مہنگائی میں اضافے کی شرح 4 اعشاریہ 4 فیصد رہی ۔ کوئٹہ نے دوسرے مہنگے ترین شرح ہونے کا تاج اپنے سر سجایا ۔ گذشتہ ماہ کوئٹہ میں مہنگائی کی شرح 3 اعشاریہ 3 فیصد رہی ، روشنیوں کا شہر اس مرتبہ تیسرے نمبر پر رہا جہاں مہنگائی کی شرح 3 فیصد رہی ۔ لاہور بھی مہنگائی کی اس دوڑ میں زیادہ پیچھے نہ رہا ، 2 اعشاریہ 4 فیصد مہنگائی میں اضافے کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا جبکہ پشاور کے رہنے والے مہنگائی کے اس وار سے سب سے کم متاثر ہوئے جہاں مہنگائی کی شرح 1 اعشاریہ 6 فیصد رہی ۔ اس طرح مجموعی طور پر اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 4 اعشاریہ 2 فیصد ریکارڈ کی گئی ۔