اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)برطانیہ میں نادرا ایڈوائس بیورو کے نام سے غیر قانونی دفاتر کھل گئے، پاکستانی سفارتخانے نے اوورسیز پاکستانیوں کو ہوشیار رہنے کیلئے وارننگ جاری کردی۔برطانیہ میں مقیم پاکستانی اپنے ہم وطنوں کو ہی لوٹنے لگے، نادرا ایڈوائس بیورو کے نام سے غیر قانونی دفاتر کھل گئے،
جو آن لائن فارم کی غیر قانونی فیسیں وصول کرر ہے ہیں، پاکستانی سفارتخانے نے فراڈ دفاتر سے متعلق وارننگ جاری کردی۔ذرائع کے مطابق برطانیہ میں قومی سفارتخانے نے پاکستانیوں کو ان مراکز سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے نے ایسے فراڈ دفاتر کیخلاف قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے شناختی کارڈز اور پاسپورٹ سے متعلق بلا معاوضہ سروسز کا اعلان کیا جاچکا ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ای پاسپورٹ کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی ہے