اسلام آباد (آئی این پی)آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین جنرل (ر) پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت اوراس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پرشدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے مرکزی شعبہ اطلاعات سے جاری بیان میں اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے کہا کہ سی پیک کے افتتاح سے پڑوسی ملک کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔بھارت پاکستان کو ترقی کرتے ہوئے کبھی نہیں دیکھنا چاہتا۔منصوبے کو ناکام بنا کر پاکستان کو ترقی سے روکنے کے لئے بھارت کبھی ہمارے ملک میں دہشت گردی کرواتا ہے اور کبھی لائن آف کنٹرول کی کھلی خلاف ورزی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت خوفناک کھیل کھیلنے کی کوشش کررہا ہے جو نہ صرف پاک بھارت بلکہ پورے خطے کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر بھارت کی یہ سوچ ہے کہ وہ پاکستان کو ناکام ریاست بنا دے گا تو وہ یہ بات اچھی طرح سے سمجھ لے کہ اس کی یہ سوچ کبھی بھی حقیقت کا روب نہیں دھار سکے گی۔ پاکستان کی امن کی خواہش کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمارا دفاع مضبوط تر یاتھوں میں ہے اور ہم مادر وطن کا دفاع کرنا اچھی طرح سے جانتے ہیں۔دریں اثناء اے پی ایم ایل کے راہنماؤں نے پیپلز پارٹی کے سینیئرراہنما جہانگیر بدر کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے متوفی کے درجات میں بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔انہوں نے پسماندگان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔