کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)گورنرہائوس میں دہشتگرد تنظیم کاڈیرہ ،ن لیگی رہنماکوبیان مہنگاپڑ گیا،پارٹی نے بھی جواب دیدیا. مسلم لیگ ن کے رہنما اور سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ میرے بیان پر ہلچل مچانے کی ضرورت نہیں ہے ۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے سینیٹرنہال ہاشمی نے کہاہے کہ میں نے عشرت العباد کا نام نہیں لیا، انہوں نے کہا ہے کہ ’میں نے کہا تھا مشرف دور میں جو لوگ لائے گئے اُن کا خاتمہ ہوا‘۔سنیٹر نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ میرے بیان پر ہلچل مچانے کی ضرورت نہیں ہے ، شہری اور سیاسی کارکن کی حیثیت سے جو محسوس کیا وہی کہا، ہم سب جو باتیں گھروں میں کرتے ہیں میں نے وہی کہی ہیں ۔
واضح رہے کہ آج صبح مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ گورنر ہاؤس میں دہشتگرد تنظیم نے ڈیرہ ڈال رکھا تھا۔ آج دہشت کی آخری نشانی بھی مٹا دی گئی۔ بانی ایم کیو ایم کے دور اور پاکستان کو نہ ماننے والوں کے دور کا خاتمہ ہوگیا۔بعدازاں وفاقی حکومت نے سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور بانی ایم کیو ایم الطاف حسین سے متعلق مسلم لیگ ن کے سینیٹرنہال ہاشمی کا بیان مسترد کردیا ۔
ادھروزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان پرفوری ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت نہال ہاشمی کےبیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے، ان کا بیان حکومت یا پارٹی کا مؤقف نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ بیان نہال ہاشمی کاذاتی موقف ہوسکتاہے ۔



















































