ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاہے کہ پی ٹی آئی میں کیا ہو رہا ہے کہ عمران خان کو کچھ پتا نہیں ہوتا، عمران خان اپنی حرکتوں سے پی ٹی آئی کو ڈبو دیں گے، انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ توڑنے کے بعد کیا گارنٹی ہے کہ 3ماہ میں الیکشن ہونگے؟۔مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاہے کہ میں حلفیہ کہتاہوں مسلم لیگ ن سےکوئی رابطہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو ایک گھنٹہ پہلے بھی معلوم نہیں ہوتا کہ کیا کرنا ہے،تحریک انصاف میں مشاورت کا کوئی نظام نہیں۔جاوید ہاشمی نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مجھے حکومت کی نہیں قوم کے مستقبل کی فکر ہے۔انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری ایسامنصوبہ ہے جس کے مکمل ہونے پرعام آدمی کی زندگی بدل جائے گی اورعوام کامعیارزندگی بلندہوگا۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) سے رابطہ کرنے کامجھے کوئی شوق نہیں اورنہ ہی میرامسلم لیگ (ن) سے کوئی سیاسی رابطہ ہے کہ میں دوبارہ ن لیگ میں شامل ہورہاہوں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل یہ خبریں عام تھیں کہ مخدوم جاوید ہاشمی ایک مرتبہ پھرمسلم لیگ(ن) میں شامل ہورہے ہیں تاہم ان کی اس تردید کے بعد بڑے بڑے دعوئوں کی کوئی حیثیت نہیں رہی ۔