نئی دہلی (آن لائن) بھارت اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لئے دونوں ممالک کے درمیان ٹریک ٹو سطح کے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں سرگرم کردار ادا کرنے والوں کا کہنا ہے کہ موجودہ ناچاقیوں اور تلخی کا عنقریب خاتمہ ہو گا ۔دونوں ممالک کے سابق سفیر ، سفارتکار ، سابق وزرائے خارجہ ، ریٹائرڈ فوجی افسر ، ریٹائرڈ بیوروکریٹ اور دونوں ملکوں کے سرکردہ صنعت کار سرگرم ہو گئے ہیں اور انہوں نے کہا کہ عنقریب ہی ٹریک ٹو سطح کے مذاکرات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ مذاکرات یا تو لندن یا ہانگ کانگ میں منعقد ہو سکتے ہیں اور مذاکرات کے اختتام پر تجاویز دونوں ملکوں کو ان سفارشات کے ساتھ پیش کی جائی گی کہ ان پر عمل کرنے سے بھارت اور پاکستان ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں اس سلسلے میں تیاریاں شروع کی جا رہی ہیں ۔رپورٹ کے مطابق ٹریک ٹو سطح کے مذاکرات میں پاک بھارت حالیہ کشیدگی کے بعد ہونے والی پیشرفتوں کا بھی احاطہ کیا جائے گا اور دونوں ممالک کی قیادت پر زور دیا جائے گا کہ وہ فوری طور پر سرکاری سطح پر اعتماد سازی کے تحت مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں ۔