اسلام آباد (این این آئی)ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے تربیلا فور توسیعی منصوبے سے آئندہ سال سے 1410 میگاواٹ کی اضافی بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ واپڈا ذرائع کے مطابق ارسامنصوبے پر لاگت کا مجموعی تخمینہ 92 کروڑ ڈالر ہے ٗابتدائی فزیبلٹی کے مطابق منصوبے پر کام 2018ء میں مکمل ہونا تھا تاہم وزیراعظم نے کام وقت سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیا جس کے بعد منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی اب توقع ہے مئی 2017ء سے پیداوار شروع ہو جائے گی۔ 1410 میگاواٹ کی پیداوار بڑھنے سے تربیلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بڑھ کر 4888 میگاواٹ ہو جائیگی عالمی بینک اس منصوبے کیلئے 84 کروڑ ڈالر کی مالی معاونت فراہم کر رہا ہے ٗ باقی رقم کا انتظام واپڈا نے خود کیا ہے۔ تربیلا ڈیم سے اس وقت بجلی کی پیداوار 3478 میگاواٹ ہے۔ منصوبہ مکمل ہونے کے بعد سالانہ 30 ارب 70 کروڑڈالر کا مالی فائدہ ہو گا اور منصوبہ 3 سال میں اپنی لاگت پوری کر لے گا۔علاوہ ازیں وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے کہا ہے کہ ایل این جی کی درآمد سے آئندہ موسم سرما میں گیس کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کے ذرائع کے مطابق ایل این جی کی درآمد شروع ہونے اور تیل و گیس کی 84 نئی دریافتوں کی وجہ سے گیس اور تیل کی پیداوار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال موسم سرما میں گیس کی صورتحال نمایاں طور پر بہتر رہے گی ٗحکومت تیل و گیس کی طلب میں فرق دور کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور اگر ضروری ہوا تو لوڈ مینجمنٹ پر بھی عمل کیا جائے گا۔ اس وقت گھریلو‘ کمرشل‘ صنعتی‘ توانائی‘ کھاد اور سی این جی کے شعبوں کو بلا تعطل گیس فراہم کی جا رہی ہے تیل و گیس کی پیداوار کے شعبہ میں نئی دریافتوں کے بعد سسٹم میں 27 ہزار 359 بیرل یومیہ خام تیل اور 631 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں شامل کی گئی۔