لاہور ( این این آئی) اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کرکے عمران خان نے لوگوں کو بغاوت پر اکسایا جس پر ان کیخلاف اندراج مقدمہ کے لئے پولیس تھانہ سمن آباد کو درخواست ،اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی پر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف لاہور کی سیشن عدالت میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی گئی، عدالت نے پولیس سے 15اکتوبر کو ریکارڈ طلب کر لیا ۔ مزدور رہنما شیخ مظفر نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں پولیس کی جانب سے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ اسلام آباد کو بند کرنے کا اعلان کرکے عمران خان نے لوگوں کو بغاوت پر اکسایا جس پر ان کیخلاف اندراج مقدمہ کے لئے پولیس تھانہ سمن آباد کو درخواست دی لیکن پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔ جس پر فاضل عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعدپولیس تھانہ سمن آباد سے 15 اکتوبر کو ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاہے کہ روز اول سے جانتے ہیں نوازشریف احتساب سے بچنے کیلئے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے ٗطاقت اور اقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ٗ وزیراعظم فرار کی جتنی بھی کوشش کرلیں ہم انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ٗقوم کے ساتھ بولے گئے ایک ایک جھوٹ کا بھی حساب لیا جائیگا۔ پیر کو میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہاکہ وہ روز اول سے جانتے ہیں کہ نواز شریف احتساب سے بچنے کیلئے ہر غلط حربہ استعمال کریں گے اور آج بھی الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کی جانب سے ان کے وکیل نے جو جواب جمع کرایا وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔عمران خان نے کہا کہ وکیل کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب میں نوازشریف اپنی صاحبزادی مریم کی کفالت سے سرے سے ہی دستبردار ہوگئے ہیں ٗ 2011 تک نواز شریف دستاویزی شکل میں ای سی پی اور ایف بی آر سمیت پوری قوم کو بتاتے تھے کہ مریم نواز ان کی زیرکفالت تھی ٗتحریک انصاف بھی وہ تمام دستاویز الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ چکی ہے جن میں نواز شریف نے مریم کو اپنے زیر کفالت بتایا، پارلیمان میں جھوٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں نوازشریف کا یوٹرن ثابت کرتا ہے کہ وہ احتساب سے بھاگ رہے ہیں، اب الیکشن کمیشن کا امتحان ہے کہ وہ وقت کے حکمران کے خلاف کیا کارروائی کرتا ہے۔چئیرمین تحریک انصاف نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں وزیراعظم کا تازہ ترین جھوٹ ثابت کرتا ہے کہ انہیں پکڑے جانے کا کوئی خوف نہیں اور پارلیمان میں بھی اسی لئے جھوٹ بولا تھا کہ انہیں پارلیمان کی جانب سے بازپرس کا کوئی خدشہ نہیں تھا۔عمران خان نے کہاکہ ہمیں خدشہ ہے کہ نوازشریف وزارت عظمیٰ کے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھا کر سرکاری ریکارڈ میں رد بدل کی کوشش کریں گے تاہم ہم طاقت اوراقتدار کے بل بوتے پر حقائق مسخ کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے اوراگر وزیراعظم نے اس طرح کی کوشش بھی کی تو انہیں بھرپور مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم فرار کی جتنی بھی کوشش کرلیں ہم انہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے جبکہ قوم کے ساتھ بولے گئے ایک ایک جھوٹ کا بھی حساب لیا جائے گا۔



















































