لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ اسمبلیوں کو مدت پو ری کرنے دینی چاہیے،لو گ آتے جا تے رہتے ہیں لیکن ادارے قائم رہنے چاہئیں، یہ کیا شوق ہے کہ مجھے وزیر اعظم بناؤ ، 11مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوا لیکن اگر میں نے ایک مرتبہ بھی عہدے کے لئے سیاست کی تو اللہ مجھے تباہ کر دے ، کشمیر کی آزادی کی تحریک اپنے عروج پر ہے ، ہر کشمیری پاکستانی پر چم میں دفن ہو نا چاہتا ہے،پر ویز مشرف تو کشمیر کا بھی سودا کرنے لگا تھا لیکن کشمیریوں نے خود جدوجہد کرکے اپنا آپ منوایا ہے ،پاکستان جرنیلوں اور سیاستدانوں نہیں بلکہ اپنی جغرافیائی سرحدوں کی وجہ سے بچا ہوا ہے کیونکہ ہمارے ہمسائے ممالک کو ہماری ضرورت ہے ، بھارت میں پاکستان سے جنگ کرنے کی ہمت نہیں ، اسکے اپنے مشرقی اور مغربی علاقے بغاوت پر تیار ہو چکے ہیں ، اگر پاکستان پر حملہ کیا تو بھارت 10سے 15 ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے کراچی شہداء ہال میں یا درفتگاں کے موضوع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ کرپشن زدہ لو گوں کے احتساب کے لئے تمام سیا سی جماعتوں کو سرجوڑ کربیٹھنا چاہیے اور سخت قانون بننا چاہیے ، اس ملک میں کوئی بھی انصاف سے بالا تر نہیں ہے،جو بالاتر ہے وہ چورہے ، لٹیرا ہے ، اسے بھی حساب دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو بڑھکیں مارنے کی ضرورت نہیں ہے ، بھارت عملی طورپرپہلے ہی ہم سے جنگ ہار چکا ہے کیونکہ کشمیر میں جا ری مظالم کی وجہ سے اس کا منہ کالا ہو چکا ہے ،بھارت کا باپ بھی پانی نہیں روک سکتا ، وہ صرف جنون میں مبتلا ہے اور جھوٹے الزامات لگاتا ہے،میں نے 20سال پہلے کہا تھا کہ روس ہمارے ساتھ کھڑا ہوگا اور آج وہی ہو رہا ہے ، روس کی پاکستان فوج کے ساتھ مل کر جنگی مشقیں کرنا بھارت کی بہت بڑی شکست ہے۔بھارت نے پاکستان کواس کے قیام سے لے کر آج تک قبول نہیں کیا ،ہم نے بھارت کی سازشوں کامقابلہ کرنا ہے، آج پاکستان جوان ہو چکا ہے ،آج ہم بھارت سے لڑنے کا حوصلہ اورپو ری قوت رکھتے ہیں اور ہرانے کی طاقت رکھتے ہیں اور بھارت پاکستان کے ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے ہم سے ڈر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج تک نہ تو جرنیلوں کی وجہ سے بچا ہوا ہے اور نہ ہی سیاستدانوں کی وجہ سے بچا ہوا ہے بلکہ پاکستان صرف اور صرف اپنی جغرافیائی سرحدوں کی وجہ سے بچا ہوا ہے کیونکہ چین ، روس اور جس بھی ملک کے ساتھ ہماری سرحد لگتی ہے انہیں ہماری ضرورت ہے ۔روس ، ایران ، سعودی عرب ، عراق ، ابوظہبی سبھی کو گوادر کی ضرورت ہے،گوادرہمارا مستقبل ہے ،اکبر بگٹی نے بلوچ قبائل سے حکومت پاکستان کو گوادر لے کر دیا اور آ ج اس کا کوئی نام نہیں لینا چاہتا ، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیں پانی روکنے کی دھمکیاں دیتا ہے لیکن بھارت کو اپنی تجارت بڑھانے کیلئے پاکستان کے پاؤں پر جھکنا پڑے گا،یہ قوم کسی طرح سے بھی کم نہیں ہے ،بھارت میں ہمت ہی نہیں ہے کہ وہ پاکستان سے جنگ کر ے کیونکہ اس کے اپنے مشرقی اور مغربی علاقے اس کے خلاف بغاوت پر تیار ہوچکے ہیں ، اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو بھارت 10سے 15ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی تحریک اپنے عروج پر ہے ، ہر کشمیری پاکستانی پر چم میں دفن ہو نا چاہتا ہے،پر ویز مشرف تو کشمیر کا بھی سودا کرنے لگا تھا لیکن کشمیریوں نے خود جدوجہد کرکے اپنا آپ منوایا ہے ،یہی وجہ ہے کہ آج صرف سری نگر میں ہی نہیں پو رے بھارت میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسمبلیوں کو پانچ سال پورے نہ کرنے دئیے گئے تو یہ بہت نقصان دہ ہو گا،مجھے کہا گیاکہ پارلیمنٹ پر چڑھ دوڑو لیکن میں نے اس لیے انکار کیاتھا کیونکہ اگر پارلیمنٹ ٹو ٹ گئی تو صرف چھے ماہ میں دوبارہ نہیں بن جائے گی بلکہ پھر دس سال کیلئے کوئی اور آجائے گا۔اس اسمبلی میں چاہے میں ہوں یانہ ہوں نوازشریف رہے یا نہ رہے لیکن اسمبلی چلتی رہنی چاہیے، اسمبلیوں کو مدت پوری کرنے دینی چاہیے،لو گ آتے جا تے رہتے ہیں لیکن ادارے قائم رہنے چاہئیں،پارلیمنٹ کو بقا دینی چاہیے،اگر مارشل لاء لگا تو سب سے پہلے میرا سینا حاضرہوگا۔ جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ یہاں کوئی ولی اللہ نہیں ہے ، جس کو بھی موقع ملے و ہ کرپشن کرے گا، ہر کوئی پاکستان کو نوچ رہا ہے ، یہاں کوئی حاجی برکت اللہ نہیں ہے ، مجھے بھی اگر کوئی پانچ ارب کی کرپشن کرنے کا کہے تو شاید میں جواب نہ دوں لیکن اگر کوئی 70ارب کی کرپشن کرنے کا کہے گا تو میں ضرور سوچوں گا۔ پاکستان نے ہمیں سب کچھ دیا اسے گالی نہیں دینی چاہیے بلکہ یہ سوچنا چاہیے کہ ہم نے پاکستان کو کیا دیا ،پاکستان کو پیار صرف غریب آدمی کرتاہے ، امیر آدمی صرف اورصرف برباد ہی کررہاہے ۔