کراچی ( این این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ دو باتیں اپنے ذہن میں رکھیں جن کے لئے پاکستان بنایا گیا تھا اور وہ دو باتیں جمہوریت اور عوام کی فلاح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں یہ بات نظرانداز نہیں کرنا چاہیے کہ ہماری بنیادی اقدار کو آج خطرات لاحق ہیں۔ آج کے روز ہمیں اس بات کا اعادہ بھی کرنا چاہیے کہ پاکستان کو کچھ لوگوں کی جانب سے مذہبی ریاست بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئیں! ہم بہ آواز بلند کہیں کہ پاکستان ملائیت کی ریاست نہیں بنے گی اور نہ اسے کبھی ملائیت کی ریاست کے لئے تخلیق کیا گیا تھا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود ہمارے ذہنوں میں سب مقدم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود سے ملک زیادہ محفوظ ہو جائے گا اور کمزرو نہیں ہوگا۔ آج کے روز ہم ان تمام لوگوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج کے روز ہم دہشتگردوں اور انتہاپسندوں کی جانب سے کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعے کے متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم ان لوگوں کی عزت کرتے ہیں اور انہیں قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں جنہوں نے جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لئے مصیبتیں جھیلی ہیں۔ ہم انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور مذہبی تعصب کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے ہیرو اور ہیروئنیں ہیں۔ آئیں! آج ہم اس عز م کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو حقیقی طور پر ایک جدید، جمہوری، ترقی پسند اور لبرل ملک بنائیں گے جہاں آزادی اور مواقع سب کے لئے برابر ہوں گے۔