لاہور (آن لائن) سابق نائب وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ طاہر القادری اور تحریک انصاف کی طرف سے احتجاجی ریلیوں میں شرکت کریں۔ اُنہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے قومی دولٹ کو لوٹنے کے علاوہ کوئی کام نہیں رہا۔ وہ دن رات قومی خزانہ لوٹنے میں مصروف ہیں۔ ہمارا شروع سے یہ مؤقف ہے کہ کسی بھی بے گناہ شہری کو گولیوں کا نشانہ بنانا بدترین زیادتی ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کا کیا قصور تھا اُنہیں پولیس نے کس کے حکم پر گولیوں کا نشانہ بنایا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ عوامی تحریک کا انصاف کے حصول کے لئے احتجاج کرنا اُن کا بنیادی حق ہے۔ مسلم لیگ اُن کے مطالبہ کی حمایت کرتی ہے حکومت کی بیساکھی ہمیشہ میسر نہیں رہتی بے گناہ شہریوں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور انصاف کی فراہمی تک ہم عوامی تحریک کے کارکنوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اخبار نویسوں کے ساتھ گفتگو میں مطالبہ کیا کہ قومی دولت کی لوٹ سیل روکی جائے اور عوام کا بیرون ملک منتقل سرمایہ واپس لایا جائے۔ پانامہ لیکس کے ذریعہ قومی دولت باہر بھیجنا قوم کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔